اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دور میں گوادر کی ترقی کے جاری سفر کو دانستہ طور پر روکا گیا جس سے بلوچستان کی معیشت اور ترقی کو شدید نقصان پہنچا۔ اسلام آباد میں بلیو اکانومی کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں نہ صرف ترقیاتی کام متاثر ہوئے بلکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی ابتر ہوئی، تاہم اب گوادر کی ترقی کا دور دوبارہ شروع ہو چکا ہے اور حکومت بلوچستان میں مکمل امن قائم کر کے ہی دم لے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گوادر بندرگاہ اور اس سے جڑے منصوبے پاکستان کی معاشی شہ رگ ہیں اور موجودہ حکومت ان کی تکمیل کو اپنی اولین ترجیح بنائے ہوئے ہے۔
احسن اقبال نے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری دیگر اہم منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی شپ یارڈ کا اہم منصوبہ وفاقی حکومت اپنے ترقیاتی بجٹ سے مکمل کر رہی ہے، جس سے بحری صنعت کو نئی زندگی ملے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت نے گڈانی کے حوالے سے بھی ایک اہم منصوبہ وفاقی ترقیاتی بجٹ میں شامل کر رکھا ہے تاکہ ملکی ساحلی پٹی کے وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلیو اکانومی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور بلوچستان کے عوام کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا تاکہ دہشت گردی اور عدم استحکام کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔