اسلام آباد: (کیو این این ورلڈ)وفاقی دارالحکومت سے جاری ہونے والے ایک اہم سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان کی 14 رکنی نگران کابینہ کی تشکیل مکمل کر لی گئی ہے، جس میں 12 وزراء اور 2 مشیر شامل ہیں۔ حکومتِ پاکستان کی گلگت بلتستان کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے بطور چیئرمین گلگت بلتستان کونسل، گورنمنٹ آف گلگت بلتستان آرڈر 2018 کے آرٹیکل 48-اے ٹو کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ کی جانب سے ارسال کردہ نگران کابینہ کی سمری کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے ساتھ ہی خطے میں انتخابی عمل کی نگرانی اور روزمرہ کے انتظامی امور چلانے کے لیے ایک وسیع البنیاد نگران ٹیم میدان میں آ گئی ہے۔
نگران کابینہ میں شامل ہونے والے وزراء میں ساجد علی بیگ، انجینئر الطاف حسین، غلام عباس، کرنل ریٹائرڈ ابرار اسماعیل، مہرداد، شرافت دین، مولانا سرور شاہ، راجہ شہباز خان، ممتاز حسین، ڈاکٹر نیاز علی، سید عادل شاہ اور بہادر علی کے نام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نگران کابینہ کو مزید فعال بنانے کے لیے سیدہ فاطمہ اور عبدالحکیم کو بطور مشیر شامل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام نامزد ارکان جلد ہی اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے جس کے بعد انہیں مختلف محکموں کے قلمدان سونپے جائیں گے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ نگران کابینہ کی تشکیل کے بعد اب گلگت بلتستان میں سیاسی سرگرمیوں اور عام انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔