ڈیرہ غازی خان: (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ‘ستھرا پنجاب’ پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوٹ چھٹہ میں صفائی و ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے چیف آفیسر جواد الحسن گوندل کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا اور جاری مہم کا عملی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف شاہراہوں اور گلیوں میں صفائی کی صورتحال دیکھی اور موقع پر موجود شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے ان کی آراء اور فیڈ بیک حاصل کیا۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ذریعے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے مجموعی طور پر صفائی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو دوٹوک ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید بہتری لائی جائے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری رسپانس سسٹم کو متحرک رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب عوام کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ‘ستھرا پنجاب’ پروگرام اسی عزم کی ایک کڑی ہے جس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کی یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی تاکہ ضلع کے شہری ایک مثالی اور پاکیزہ ماحول میں زندگی بسر کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے