اوکاڑہ: (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس کے باصلاحیت اہلکار محمد عابد نے کراچی میں منعقدہ 35ویں نیشنل گیمز میں جوڈو کے مقابلوں میں برونز میڈل حاصل کر کے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ محمد عابد کی یہ کامیابی ان کی انتھک محنت، لگن اور بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس نے نہ صرف پولیس فورس بلکہ پورے ضلع کا وقار بڑھایا ہے۔ اس شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے محمد عابد سے خصوصی ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی پی او نے اسپورٹس سیکرٹری لیاقت کو بھی کھیلوں کے فروغ اور اس کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے پر شاباش دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس میں صحت مند سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ محمد عابد اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے ایشین بیچ گیمز میں تیسری پوزیشن اور ورلڈ پولیس گیمز میں چوتھی پوزیشن حاصل کر کے اپنی مہارت کا لوہا منوایا تھا۔ اوکاڑہ پولیس کی قیادت کا کہنا ہے کہ ایسی کامیابیاں نہ صرف فورس کے مورال کو بلند کرتی ہیں بلکہ معاشرے میں پولیس کا ایک مثبت اور متحرک تشخص بھی اجاگر کرتی ہیں۔ پولیس انتظامیہ نے محمد عابد کو اس بڑی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید اعزازات حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے