اوکاڑہ: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارملک ظفر)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جو ادارے کے "ہر دم تیار” کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاس ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ضلع اوکاڑہ میں مجموعی طور پر 45 ہزار 301 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے 47 ہزار 692 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ ان حادثات و واقعات میں 7 ہزار 963 روڈ ٹریفک حادثات، 31 ہزار 992 میڈیکل ایمرجنسیز، 346 فائر ایمرجنسیز، 918 کرائم ایمرجنسیز، ڈوبنے کے 5 واقعات اور 4 ہزار 43 متفرق نوعیت کی ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں روڈ ٹریفک حادثات کے مجموعی طور پر 13 ہزار 729 واقعات پیش آئے جن میں 16 ہزار 235 افراد متاثر ہوئے، جبکہ 181 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے 7 ہزار 97 شدید زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر نزدیکی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیرِ قیادت ریسکیو 1122 نے سال 2025 کے دوران آنے والے سپر فلڈ میں بھی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دریائے ستلج اور دریائے راوی میں سیلاب کی وارننگ ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے متحرک ہو کر 23 ہزار 446 افراد کو قبل از وقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران سیلابی پانی میں گھرے 15 ہزار 991 افراد اور 3 ہزار 609 مویشیوں کو کشتیوں کی مدد سے بحفاظت نکالا گیا، جبکہ ریلیف آپریشن کے تحت 9 ہزار 496 افراد کو ٹرانسپورٹیشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ ظفر اقبال نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 دن ہو یا رات، آندھی ہو یا طوفان، ہر ناگہانی آفت میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے صفِ اول میں موجود رہتی ہے اور مستقبل میں بھی اس عزم کو برقرار رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے