ورجینیا: (کیو این این ورلڈ)پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر مارشل نور خان کی صاحبزادی اور ممتاز معالج ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا کی ریاست ورجینیا میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ پر اس وقت پیش آیا جب 75 سالہ ڈاکٹر فائقہ آفتاب قریشی (جو فائقہ نور خان کے نام سے جانی جاتی تھیں) کی کار سڑک کنارے لگی رکاوٹ سے ٹکرا گئی، جس کے فوراً بعد گاڑی میں آگ لگ گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ ورجینیا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ انتہائی شدید تھا اور آگ لگنے کے باعث خاتون کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا، حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ڈاکٹر فائقہ نور خان شعبہ طب بالخصوص بچوں کے امراض (پیڈیاٹرکس) کے حوالے سے ایک معتبر نام تھیں، انہوں نے 1993 میں "دی کنگز ڈاٹرز ہسپتال” میں بطور فزیشن اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کیا اور ایک طویل عرصے تک ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے ان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر فائقہ کا بچوں اور ان کی فیملیز کے ساتھ دلی لگاؤ اور مستقبل کے ڈاکٹروں کی تربیت کے حوالے سے ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی خدمات نے طبی شعبے پر دور رس اثرات مرتب کیے ہیں۔
ان کی وفات پر پاکستان کی معروف درسگاہ کنگز ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر ایک تعزیتی بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا کہ سابق ایئر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ اس یونیورسٹی کی نہایت ہونہار طالبہ تھیں اور انہوں نے 1973 میں یہاں سے گریجویشن مکمل کی تھی۔ ان کے انتقال کی خبر پر پاکستان اور امریکا کے طبی و سماجی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کی انسانی و طبی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔