راولپنڈی: (کیو این این ورلڈ)تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں غیرت کے نام پر قتل کی ایک لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے جہاں قطر میں مقیم ایک شادی شدہ خاتون کو پاکستان منتقل کر کے اس کے والد کے گھر میں گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ سمیرہ عزیز پر قطر میں مبینہ تعلقات کا شبہ کیا گیا تھا، جس کی منصوبہ بندی کے تحت اسے ایک ہفتہ قبل اس کا شوہر سلیمان اور چچا شوکت اور فیصل پاکستان لے کر آئے تھے۔ واقعے کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مقتولہ کا شوہر اور چچا قطر سے ویڈیو کال کے ذریعے قتل کے احکامات دیتے رہے اور ملزمان کو سہولت کاری فراہم کی۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے بعد سب انسپکٹر آصف اقبال خان کے بیان پر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق واردات کے وقت مقتولہ کے والد کے قریبی عزیز ولید، اسرار اور صابر گھر میں موجود تھے جہاں انہوں نے کچھ دیر بیٹھ کر مشورہ کیا۔ مقتولہ کی ہمشیرہ ثناء خان نے پولیس کو بیان دیا کہ اسی دوران قطر سے شوہر سلیمان کی ویڈیو کال آئی جس میں اس نے مقتولہ کی چچی سعیدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "سمیرہ کو ٹھکانے لگا دو”۔ اس حکم کے ملتے ہی ولید اور اسرار نے پسٹل نکال کر سمیرہ عزیز پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے جبکہ مقتولہ کے چچوں نے نعش کو گاڑی میں ڈال کر ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے اس لرزہ خیز واقعے کا مقدمہ قتل، غیرت کے نام پر قتل اور اعانتِ جرم کی سنگین دفعات کے تحت درج کر لیا ہے۔ نامزد ملزمان ولید، اسرار اور صابر کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مقتولہ کا شوہر سلیمان اور چچا امتیاز جو کہ بیرونِ ملک مقیم ہیں، ان کی وطن واپسی اور قانونی کارروائی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ اس سنگین واردات میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے