اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے اوکاڑہ پولیس کی سال 2025 کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ سوشل میڈیا پر عوام کے ساتھ شیئر کر دی ہے جس کے مطابق گزشتہ برس اوکاڑہ پولیس کے لیے شاندار کامیابیوں کا سال ثابت ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی کے باعث ضلع بھر میں سنگین جرائم میں 62 فیصد تک نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔ پولیس نے اپنی کارروائیوں کے دوران 126 خطرناک جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کرتے ہوئے 360 ملزمان کو قانون کے شکنجے میں جکڑا اور ان کے قبضے سے 13 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا۔ سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر شہریوں کو 27 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ واپس کیا گیا، جبکہ اندھے قتل کے تمام مقدمات کو ٹریس کرتے ہوئے کامیابی کی شرح 100 فیصد برقرار رکھی گئی۔ اسی طرح اغواء برائے تاوان کے تمام مقدمات میں بروقت کارروائی کے ذریعے مکمل کامیابی حاصل کی گئی اور ریپ و بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں پولیس کی کامیابی کا تناسب 98.2 فیصد رہا۔

رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں ہونے والے 60 پولیس مقابلوں کے دوران 32 خطرناک ڈاکو ہلاک اور 54 کو گرفتار کیا گیا، جبکہ قانون کی عملداری یقینی بناتے ہوئے 4558 اشتہاری مجرمان کو سلاخوں کے پیچھے بھیجا گیا۔ اسلحہ و منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کرتے ہوئے ہزاروں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ محکمانہ اصلاحات اور احتساب کے عمل کو تیز کرتے ہوئے میرٹ کی خلاف ورزی پر 871 پولیس اہلکاروں کو سخت سزائیں دی گئیں، جبکہ شہداء اور زخمی اہلکاروں کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے 14 مختلف اداروں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے سال بھر میں 452 کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں جہاں 100 فیصد شکایات کا بروقت حل یقینی بنایا گیا۔ ضلع میں ٹریفک آگاہی کے لیے ٹریفک تھیم پارک کا قیام، پولیس خدمت مراکز کی توسیع اور سیف سٹی کیمروں کی تنصیب جیسے جدید اقدامات بھی عمل میں لائے گئے، جبکہ انسانی ہمدردی کے تحت پولیس تحفظ مرکز کے زیر اہتمام 11 بلڈ ڈونیشن کیمپس میں 700 خون کی بوتلوں کا عطیہ دے کر قیمتی جانیں بچانے میں حصہ ڈالا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے