ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) نئے سال کا استقبال روایتی جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر آتشبازی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، دیگر ضلعی افسران اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے نہا گیا جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی کثیر تعداد ریلوے اسٹیشن پر امڈ آئی اور اس سحر انگیز منظر سے لطف اندوز ہوئی۔ تقریب کے دوران نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جنہوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر نئے سال کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریوں کو نئے سال کی مبارکباد دی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ نیا سال اہل پاکستان کے لیے خوشیوں اور برکتوں کا سال ثابت کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا اور آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم مل جل کر اپنے شہر کو خوبصورت اور مثالی بنائیں گے۔ تقریب کے شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا سال ملک و قوم کے لیے امن اور استحکام کا پیغام لے کر آئے گا۔