کراچی(کیو این این ورلڈ) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز کے سو فیصد حصص کی خریداری مکمل کر کے باضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا ہے، جس سے ملک کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک نیا اور انقلابی دور شروع ہو گیا ہے۔
اب ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز پی ٹی سی ایل کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنیوں کے طور پر خدمات فراہم کریں گے اور پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون 4G) اور یو مائیکروفنانس بینک کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ عبوری مدت کے دوران ٹیلی نار پاکستان ایک علیحدہ قانونی ادارے کے طور پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا، اور ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد اسے مستقبل میں پی ٹی ایم ایل کے ساتھ ضم کر دیا جائے گا۔
پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار اے ایس اے کی دو دہائیوں تک خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیلی نار نے سروس کے معیار کو بلند کرنے اور رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ یہ سنگِ میل دونوں اداروں کی صلاحیتوں اور وسائل کو یکجا کرے گا اور صارفین کے لیے وسیع رسائی، تیز رفتار جدت اور محفوظ، مربوط ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے کا ایک مضبوط پلیٹ فارم قائم کرے گا۔ مستقبل میں پی ٹی ایم ایل اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام سے پاکستان کی ڈیجیٹل ضروریات کے مطابق نیٹ ورک کی توسیع، اسپیکٹرم وسائل کی بہتر ترتیب، اور صارفین کے لیے جدید خدمات فراہم کرنا ممکن ہوگا۔