راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلے محاذوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے نئے سال کی آمد کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغامات میں غیر متزلزل عزم، قربانی اور وطن سے بے لوث محبت کا اظہار کیا ہے۔ جوانوں کا کہنا ہے کہ شدید ترین سردی، برفانی موسم اور دشوار گزار جغرافیائی حالات ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور وہ اپنے گھروں و اہل خانہ سے دور مورچوں میں کھڑے ہو کر مادرِ وطن کی حفاظت کو اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرحدوں پر پاک فوج کی بیدار مغزی ہی قوم کے اطمینان اور ملکی سلامتی کی ضامن ہے، اس لیے کسی بھی دشمن کو سرحد پار سے سرزمینِ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ہم متحد ہو کر دشمن کے دانت کھٹے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ پیغامات میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ افواجِ پاکستان کے تمام افسران اور جوان شب و روز اپنے پیشہ ورانہ فرائض انتہائی جرأت اور جوانمردی سے انجام دے رہے ہیں تاکہ ملک کے شہری پرامن ماحول میں نئے سال کا استقبال کر سکیں۔ جوانوں نے قوم کو یقین دلایا کہ جب تک وہ سرحدوں پر پہرہ دے رہے ہیں، ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر رہے گا اور ہر جارحیت کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے