جھنگ (کیو این این ورلڈ)فیصل آباد–جھنگ روڈ پر کلی فقیر کے قریب بس اور مسافر وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 10 شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر وین مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ متعدد افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور ڈی پی او بلال افتخار کیانی بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔