اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان):اوچ شریف کے علاقے شمس کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں زیرِ تعمیر مکان پر کام کرنے والا 20 سالہ نوجوان مزدور کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ واقعہ مسجد طیبہ سے ملحق مولانا سراج احمد سعیدی کے زیرِ تعمیر مکان میں پیش آیا، جہاں کام کے دوران اچانک بجلی کا کرنٹ لگنے سے نوجوان موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت مومن عباس ولد غلام عباس کے نام سے ہوئی ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر تعمیراتی مزدوری کر کے اپنے گھر کا گزر بسر کرتا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مکان کی اوپری منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا اور مومن عباس نیچے پانی کی موٹر چلانے کے لیے گیا۔ اسی دوران موٹر میں اچانک کرنٹ آ گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید برقی رو کی زد میں آ کر زمین پر گر پڑا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور متاثرہ نوجوان کی حالت کا جائزہ لیا، تاہم اس وقت تک اس کی نبض اور دیگر علاماتِ حیات موجود نہیں تھیں۔ موقع پر موجود افراد نے ابتدائی طبی امداد کے طور پر سی پی آر (CPR) بھی کی، مگر کوئی فائدہ نہ ہو سکا۔ بعد ازاں مومن عباس کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔