سیالکوٹ (نامہ نگار محمد وقاص اسلم) ڈسکہ میں تھانہ ستراہ کے علاقے سرانوالی سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت افتخار عرف کھاری ہنجرا کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ویروالہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پنجاب پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا، تاہم ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پولیس حکام کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ شروع کر دیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ طبعی موت ہے، زیادہ نشہ کرنے کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات کارفرما ہیں۔