اوکاڑہ(ملک ظفر) قتل کیس کے شواہد ضائع کرنے پر تفتیشی افسر گرفتار، ڈی پی او کا سخت محکمانہ ایکشن

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ راشد ہدایت نے دیپالپور میں قتل کے ایک مقدمے میں مجرمانہ غفلت برتنے اور قیمتی شواہد ضائع کرنے پر تفتیشی افسر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ تھانہ صدر دیپالپور کے قتل کیس کی تفتیش کے دوران سب انسپکٹر محمد ناصر کی جانب سے سنگین بے قاعدگیوں اور کیس کو کمزور کرنے کے لیے شواہد خراب کرنے کی تصدیق ہونے پر یہ ایکشن لیا گیا۔ ڈی پی او اوکاڑہ کے مطابق، انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والے کسی بھی اہلکار کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہے، جس کے پیشِ نظر تفتیشی افسر کو نہ صرف گرفتار کیا گیا بلکہ انہیں فوری طور پر معطل کر کے چارج شیٹ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی پی او نے ڈی ایس پی لیگل کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے اور انہیں ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل رپورٹ فوری طور پر تیار کر کے پیش کریں۔ تفتیشی افسر کے خلاف جہاں محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے، وہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ پولیس کا کام مظلوم کو انصاف دلانا ہے نہ کہ شواہد ضائع کر کے ملزمان کو فائدہ پہنچانا، اور اس کیس کی شفاف انکوائری کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مقتول کے لواحقین کو ہر صورت انصاف ملے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے