پشاور(ویب ڈیسک) ٹیریان وائٹ سے متعلق عدالتی فیصلے کی روشنی میں نادرا سے شہری اور خاندانی ریکارڈ کی درستی کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس کے لیے خیبرپختونخوا اسمبلی میں باضابطہ قرارداد جمع کرا دی گئی ہے۔

یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی ثوبیہ شاہد کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیتا وائٹ کی بیٹی ٹیریان وائٹ کے نسب سے متعلق عدالتِ مجاز میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو فریق بنایا گیا۔

قرارداد کے متن کے مطابق دورانِ سماعت ڈی این اے ٹیسٹ کرایا گیا، جس کے نتائج میں ٹیریان وائٹ کا ڈی این اے عمران خان کے ڈی این اے سے مطابقت رکھتا پایا گیا، جس کی بنیاد پر عدالت نے ٹیریان وائٹ کو عمران خان کی بیٹی قرار دیا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیریان وائٹ کی پرورش، تعلیم اور دیگر اخراجات ایک طویل عرصے تک جمائما خان نے برداشت کیے، جو اس معاملے کے انسانی اور اخلاقی پہلو کو نمایاں کرتا ہے۔

اسمبلی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریاستی ادارے، بالخصوص نادرا، عدالتی فیصلوں، دستیاب قانونی شواہد اور مستند ریکارڈ کی روشنی میں اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کریں اور ٹیریان وائٹ سے متعلق شہری و خاندانی ریکارڈ کی درستی کے لیے ضروری کارروائی عمل میں لائیں۔

قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عدالتی ریکارڈ اور ڈی این اے ٹیسٹ جیسے قانونی شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ ریکارڈ میں موجود کسی بھی ابہام کو دور کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے