قصور(بیوروچیف)پنجاب کے ضلع قصور کے محلہ اقبال نگر میں ایک دلخراش واقعے میں 18 سالہ ہارون مسیح نامی نوجوان دکاندار کو ادھار کی رقم واپس مانگنے پر قتل کر دیا گیا۔ ملزم، جس کی شناخت طمان کے نام سے ہوئی ہے، نے شدید جھگڑے کے بعد ہارون پر چھری سے حملہ کیا اور اس کی شہ رگ کاٹ دی۔
حادثے کے فوری بعد ہارون مسیح کو ریسکیو 1122 کے عملے نے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، لیکن شدید خون بہنے کے باعث وہ راستے میں دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ راجہ جنگ نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی۔ ملزم طمان موقع سے فرار ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقامی لوگوں نے پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال خطرے میں ہے۔ ہارون مسیح کے لواحقین نے بتایا کہ وہ ایک محنتی نوجوان تھا جو اپنے خاندان کی کفالت کے لیے دکان چلاتا تھا۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی تنازعے کو تشدد کی بجائے قانونی طریقے سے حل کریں اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔