بھارتی ریاست مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سوویندو ادھیکاری نے اشتعال انگیز ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو بھی ویسا ہی سبق سکھانے کی ضرورت ہے جیسا اسرائیل نے غزہ کو سکھایا۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سوویندو ادھیکاری نے بنگلا دیش کے خلاف اشتعال انگیز اور متنازع بیان دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کو بھی ویسا ہی سبق سکھانے کی ضرورت ہے جیسا اسرائیل نے غزہ کو سکھایا۔

یہ بیان انہوں نے کولکتہ میں بنگلا دیشی ڈپٹی ہائی کمیشن کے باہر ایک احتجاج کے دوران دیا۔ سوویندو ادھیکاری کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنگلا دیش میں ہندو اقلیت کے مفادات کا تحفظ کرے۔

بی جے پی رہنما نے مزید کہا کہ بنگلا دیش کو بھی وہی سبق سکھایا جانا چاہیے جو بھارت نے مبینہ طور پر ’’آپریشن سندور‘‘ کے دوران پاکستان کو سکھایا تھا۔

ادھر ریاست کی حکمران جماعت ترنمول کانگریس نے سوویندو ادھیکاری کے بیان کو خطرناک، غیر ذمہ دارانہ اور نفرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بیان کے بعد بھارت اور بنگلا دیش کے تعلقات پر عوامی سطح پر بحث میں شدت آ گئی ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ حساس علاقائی معاملات کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے