چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف سے مذاکرات یا ملاقات کے دعوؤں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گزشتہ دس دن تو کجا، پورے سال کے دوران ان کا وزیراعظم سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کبھی کوئی رابطہ ہوا یا انہوں نے خود رابطہ کیا تو اس سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بات چیت اور مذاکرات ایک سنجیدہ معاملہ ہے، اس پر غیر ذمہ دارانہ اور غیر سنجیدہ بیانات دینے سے گریز کیا جانا چاہیے کیونکہ اس طرح کے دعوے صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ دس دنوں کے دوران بیرسٹر گوہر نے تین مرتبہ وزیراعظم سے مذاکرات کے لیے رابطے کی کوشش کی تھی۔