پشاور (ویب ڈیسک): پنجاب میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ، وزیراعلیٰ کے قافلے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات شفیع جان نے پنجاب حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے قافلے کی آمد پر پنجاب میں غیر اعلانیہ مارشل لا لگا دیا گیا ہے اور اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات کو دانستہ طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلہ لاہور انٹرچینج پہنچنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان کا کہنا تھا کہ پنجاب غیرت مندوں کی سرزمین ہے جہاں کے عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بھرپور اور والہانہ استقبال کیا، ہمیں توقع تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب ایک منتخب وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہیں گی، مگر بدقسمتی سے سرکاری سطح پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر یا پارٹی جھنڈا اٹھانے تک کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی اسپیس دیا جائے کیونکہ پنجاب میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو زبردستی ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شفیع جان نے وزیراعلیٰ کے شیڈول کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک جائیں گے جہاں وہ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ عوام سے خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ لاہور میں اپنے قیام کے دوران صحافیوں، وکلاء، پارٹی رہنماؤں اور اسیرانِ تحریک سے اہم ملاقاتیں کریں گے تاکہ مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جا سکے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام تر رکاوٹوں اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کے باوجود قافلے کا جوش و خروش کم نہیں ہوا اور عوام کا سمندر وزیراعلیٰ کے ساتھ ہے، جو ثابت کرتا ہے کہ جبر کے ذریعے عوامی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے