اسلام آباد (ویب ڈیسک): صدرِ متحدہ عرب امارات کے تاریخی دورۂ پاکستان پر حکومت کی جانب سے خصوصی استقبالی نغمہ ‘اہلاً و سہلاً، مرحبا’ جاری

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے پاکستان کے پہلے باضابطہ سرکاری دورے کے موقع پر حکومتِ پاکستان نے ان کی آمد کی خوشی میں ایک خصوصی اور دلکش استقبالی نغمہ جاری کیا ہے۔ اس نغمے کے بول ‘اہلاً و سہلاً، مرحبا’ پر مشتمل ہیں، جو معزز مہمان کے لیے پاکستان کے عوام کے دیرینہ جذبات، دلی خیر سگالی اور عربی روایات کے مطابق استقبال کی علامت ہیں۔ نغمے کی ویڈیو میں متحدہ عرب امارات کے صدر کی پاکستان آمد، ان کا شاندار استقبال، اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ گرم جوش مصافحے اور گلے ملنے کے یادگار مناظر شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ویڈیو میں وفاقی وزراء، اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں اور بچوں کی جانب سے شیخ محمد بن زاید النہیان کو پھول پیش کرنے کے خوبصورت مناظر بھی دکھائے گئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر پائے جانے والے محبت و احترام کے رشتے کی عکاسی کرتے ہیں۔

نغمے کے ذریعے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، باہمی احترام اور مضبوط دفاعی و اقتصادی تعاون کو اجاگر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کا ایک روزہ انتہائی اہم سرکاری دورہ کیا، جہاں نور خان ایئربیس پر وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر کابینہ اراکین نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔ اپنے قیام کے دوران یو اے ای کے صدر نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور علاقائی استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ یہ نغمہ اس عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی ملک کے ساتھ تعلقات کو غیر معمولی اہمیت دیتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے