پشاور (ویب ڈیسک): الیکشن کمیشن میں غیر قانونی بھرتیاں، سابق صوبائی الیکشن کمشنر کے بیٹے سمیت دو اہلکار گرفتار

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں تیمور احمد اور شہنشاہ شامل ہیں، جن میں سے تیمور احمد سابق اسسٹنٹ جبکہ شہنشاہ سینئر اسسٹنٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان پشاور کے طور پر تعینات رہے۔ ایف آئی اے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، گرفتار ملزم تیمور احمد سابق صوبائی الیکشن کمشنر کے صاحبزادے ہیں، جنہوں نے مبینہ طور پر اپنے والد کے عہدے اور اثر و رسوخ کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے اپنی تقرری حاصل کی، جبکہ ان کے بھرتی کے ریکارڈ میں بڑے پیمانے پر جعل سازی اور ہیرا پھیری کے شواہد بھی ملے ہیں۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دوسرے ملزم شہنشاہ نے اپنے بیٹے کی بطور اسسٹنٹ غیر قانونی بھرتی کے لیے سہولت کاری فراہم کی اور قواعد و ضوابط کو پسِ پشت ڈال کر میرٹ کی دھجیاں اڑائیں۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر کرداروں کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔ ایف آئی اے حکام نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اداروں میں میرٹ کی پامالی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوامی اداروں کی شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے