اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، جعلی ویزوں پر نیوزی لینڈ جانے والے 4 مسافر گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک کامیاب کارروائی کے دوران جعلی سفری دستاویزات کی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے چار مسافروں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ہونے والے مسافروں میں محمد عمران، میاں توصیف، سلطان افضل اور عبدالرحمان شامل ہیں جو نجی ایئرلائن کی پرواز CZ8070 کے ذریعے ورک ویزے پر نیوزی لینڈ روانہ ہو رہے تھے۔ امیگریشن کاؤنٹر پر جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ مسافروں کی جانب سے پیش کیے گئے ورک ویزے مکمل طور پر جعلی تھے، جس پر انہیں فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔

تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ان مسافروں کا تعلق اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سے ہے اور ان کے پاسپورٹس پر راولپنڈی، ایبٹ آباد اور پشاور کے دفاتر کی پروٹیکٹر اسٹمپس بھی لگی ہوئی تھیں جن کی صداقت مشکوک پائی گئی۔ ابتدائی کارروائی کے بعد مسافروں کو مزید تفتیش اور ملوث ایجنٹوں کی نشاندہی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے گروہوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے