اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری عراق کا اپنا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وطن روانگی سے قبل صدرِ پاکستان نے کربلا معلیٰ میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور حضرت عباس ابن علیؑ کے روضہ ہائے مبارک پر حاضری دی جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے اور ملک و قوم کی خوشحالی سمیت امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر صدرِ مملکت نے حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اسے حق، عدل اور استقامت کی ابدی علامت قرار دیا اور کہا کہ آپؓ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
دورے کے آخری مرحلے میں صدر آصف علی زرداری نے گورنر کربلا، روضہ مبارک کے منتظمین اور جید مبلغین سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور زائرین کے لیے سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے عراق کے اس دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان مذہبی اور ثقافتی تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق اور پاکستان کے درمیان تاریخی روابط موجود ہیں جنہیں عوامی سطح پر مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔