کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان سے اندرونِ صوبہ اور دیگر صوبوں کے لیے ٹرین سروس سیکیورٹی خدشات کے باعث ایک بار پھر عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد اسٹیشنوں پر پھنس کر رہ گئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرینوں کی آمد و رفت کو ایک روز کے لیے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس معطلی کے نتیجے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس آج روانہ نہیں ہوگی، جبکہ کوئٹہ سے کراچی کے لیے بولان میل کی روانگی بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سرحدی شہر چمن کے لیے چلنے والی چمن پسنجر ٹرین کو بھی آج کے لیے روک دیا گیا ہے۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد ٹرین سروس کل سے معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔ ٹرینوں کی اچانک معطلی سے ان مسافروں کو شدید دشواری پیش آ رہی ہے جنہوں نے پہلے سے بکنگ کروا رکھی تھی یا جنہیں فوری طور پر دوسرے شہروں کو روانہ ہونا تھا۔ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل ریلوے انکوائری سے رابطہ کریں تاکہ کسی بھی قسم کی زحمت سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے