اسلام آباد(ویب ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے نئے میثاق پر دستخط کرانے کی ذمہ داری لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کے بعد اپوزیشن الائنس کا اہم اجلاس تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں شفاف انتخابات اور نئے الیکشن کمشنر کی تقرری سمیت اہم قومی امور پر بات چیت پر آمادگی ظاہر کی گئی۔

اجلاس میں آئینی و جمہوری اقدار کے استحکام، سیاسی و معاشی بحران سے نکلنے کے لیے نئے میثاق کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا، جبکہ محمود خان اچکزئی نے 1973ء کے آئین کی بحالی پر زور دیا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اعلان کیا کہ وہ عمران خان سے نئے میثاق پر دستخط کرانے کی ذمہ داری خود ادا کرے گی۔ اجلاس میں اپوزیشن کی دو روزہ قومی کانفرنس کو کامیاب قرار دیا گیا اور 8 فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ سیاہ منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یومِ سیاہ کے موقع پر ہڑتال اور اسٹریٹ موبلائزیشن پر بھی مشاورت ہوئی، جبکہ اسے کامیاب بنانے کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کی مذاکرات کی دعوت کے تناظر میں یہ طے پایا کہ پارلیمانی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق نئے میثاق کا بنیادی حصہ ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے