اسلام آباد(ویب ڈیسک) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کے نام علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قائداعظمؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اصولوں پر عمل کو قومی ترقی کی ضمانت قرار دیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج یقینِ محکم اور انتھک جدوجہد کو یاد کرنے کا دن ہے جس نے پاکستان کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کے تناظر میں قائداعظمؒ کی قیادت، جمہوریت، انصاف اور برابری کے اصول آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط ترقی اور قومی ہم آہنگی کے لیے ناگزیر ہیں، جبکہ قوم آئندہ برس قائداعظمؒ کے 150ویں یومِ پیدائش کی جانب بڑھ رہی ہے جو ایک اہم قومی سنگ میل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظمؒ کی اقدار کو اپناتے ہوئے ایک پرامن اور جامع پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظمؒ کا یومِ پیدائش تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ نے بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب انصاف اور ہم آہنگی کا درس دیا، جبکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظمؒ کی سیاسی بصیرت اور جدوجہد نے قیامِ پاکستان کو ممکن بنایا اور قوم کو آزاد، خودمختار اور فلاحی ریاست کا تحفہ دیا۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وقار، تحفظ اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔