کراچی (ویب ڈیسک) بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149 واں یومِ پیدائش آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس پرمسرت موقع پر دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں چاق و چوبند دستوں نے بابائے قوم کو سلامی پیش کی۔ بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت اہم عسکری و سیاسی شخصیات مزارِ قائد پر حاضری دیں گی، جہاں مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

قائداعظمؒ کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف سیمینارز، کانفرنسز اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں مقررین برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے قائد کی انتھک جدوجہد اور لازوال قربانیوں پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ ان تقریبات کا مقصد نئی نسل کو بانیٔ پاکستان کے سنہری اصولوں "ایمان، اتحاد اور تنظیم” سے روشناس کروانا ہے تاکہ ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز کا مقابلہ قائد کے وژن کے مطابق کیا جا سکے۔ وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں بھی سرکاری سطح پر خصوصی تقریبات جاری ہیں جہاں قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ساتھ قائدِ اعظمؒ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے