ڈیرہ غازی خان(شاہد خان کی رپورٹ) شہر کے مصروف ترین کاروباری مرکز موٹر سائیکل مارکیٹ میں دن دیہاڑے فائرنگ کے ایک ہولناک واقعے نے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جس کے نتیجے میں حجانہ نامی شخص گولیوں کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں معمولی تلخ کلامی کے بعد اچانک فائرنگ شروع ہوگئی، عینی شاہدین کے مطابق جاوید وڈانی نامی مبینہ حملہ آور نے حجانہ نامی شہری پر فائرنگ کی اور اسے لہولہان کرنے کے بعد موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کے عملے نے زخمی شخص کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے تاہم مصروف تجارتی مرکز میں اس طرح کی واردات سے تاجروں اور گاہکوں میں سخت پریشانی پائی جاتی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم جاوید وڈانی کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس حکام کا موقف ہے کہ ملزم کو بہت جلد قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ دوسری جانب انجمن تاجران نے مصروف ترین تجارتی مرکز میں فائرنگ کے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے تاکہ بازاروں میں تحفظ کا احساس بحال ہو سکے اور تاجر برادری پرامن ماحول میں اپنا کاروبار جاری رکھ سکے۔