ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے اڑان بھرنے والا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں لیبیا کے فوجی سربراہ (چیف آف اسٹاف) جنرل محمد علی الحداد سمیت طیارے میں سوار تمام 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے باضابطہ طور پر آرمی چیف کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنرل محمد علی الحداد نے آج ترکیہ کا اہم سرکاری دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ترک وزیر دفاع سے ملاقات کی، اور واپسی کے سفر کے دوران ان کا طیارہ اس المناک حادثے کا شکار ہوا۔

تفصیلات کے مطابق طیارے نے انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے شام 8 بج کر 10 منٹ پر اڑان بھری تھی، تاہم پرواز کے محض 30 منٹ بعد ہی طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ ترک وزیر داخلہ کے بیان کے مطابق 8 بج کر 52 منٹ پر رابطہ ٹوٹنے سے قبل طیارے کی جانب سے ‘حیمانہ’ کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع دی گئی تھی۔ کپتان نے طیارے میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کے باعث اسے دوبارہ انقرہ کی جانب موڑنے کی کوشش کی تھی لیکن لینڈنگ سے قبل ہی طیارہ زمین بوس ہو گیا۔ واقعے کے فوراً بعد ترکیہ نے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہیں جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر کے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے