میرپورماتھیلو(نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کے نواحی گاؤں سمندر بھیو میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بااثر وڈیروں نے غیر قانونی جرگہ منعقد کرکے دو کم سن لڑکیوں کو، جن میں سے ایک بچی نابینا ہے، سنگ چٹی (بدلے) میں دینے اور بھاری جرمانہ ادا کرنے کا ظالمانہ فیصلہ سنا دیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وڈیرے شاہنواز بھیو، جانب بھیو اور معشوق بھیو سمیت دیگر بااثر افراد نے ایک پنچائت بلائی جس میں وسیم بھیو نامی نوجوان پر ثانیہ بھیو نامی خاتون کے ساتھ سیاہ کاری کا جھوٹا الزام عائد کیا گیا۔ اس نام نہاد جرگے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی کرتے ہوئے ملزمان نے وسیم کی دو کم سن بہنوں، شمیلا اور انیسہ (جن میں سے ایک بینائی سے محروم ہے) کو بطور عیوضہ مخالف فریق کے حوالے کرنے اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں
گھوٹکی: سیاہ کاری کے جرگے کا ملزم گرفتار
متاثرہ خاندان کے سربراہ نے اس حوالے سے دہائی دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے پر لگایا گیا سیاہ کاری کا الزام سراسر بے بنیاد ہے کیونکہ جس خاتون کے ساتھ الزام جوڑا جا رہا ہے اس نے اپنے شوہر سے خلع لے رکھی ہے اور وہ اس وقت لاڑکانہ میں اپنی والدہ کے پاس مقیم ہے، جس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ اس ظالمانہ فیصلے کے بعد وہ اپنی معصوم بچیوں اور بوڑھی نابینا والدہ سمیت دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے اور اسے بااثر افراد کی جانب سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ اس سنگین صورتحال اور معصوم بچیوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگانے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی سکھر رینج اور ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے واقعے کا فوری نوٹس لیا اور ایس ایچ او میرپور ماتھیلو کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے مطابق پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جرگے کے ایک اہم رکن اور نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس غیر قانونی اقدام میں ملوث دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے تھانہ میرپور ماتھیلو میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے، غیر قانونی جرگہ کرنے یا خواتین اور معصوم بچیوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے قبیح فعل کا سدباب ہو سکے۔