کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم رہی، جس کے نتیجے میں کئی بین الاقوامی پروازیں دوسرے ائیرپورٹس پر منتقل کر دی گئیں۔
شہر کے علاقوں سرجانی ٹاؤن، سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس کے اطراف دھند کی لپیٹ میں رہے۔ ایم نائن موٹروے پر حد نگاہ صفر رہی جبکہ ناردرن بائی پاس، یونیورسٹی روڈ اور کریم آباد سمیت دیگر حصے بھی دھند کی زد میں تھے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم زیادہ تر ابرآلود اور رات کے وقت خنک رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق دھند کی وجہ سے آنے والی 6 بین الاقوامی پروازیں کراچی کے بجائے مسقط منتقل کر دی گئیں، جبکہ نجی ایئرلائن کی پرواز جدہ سے کراچی کے بجائے اسلام آباد گئی۔ محدود حدِ نگاہ میں پروازوں کی منتقلی معمول کا حفاظتی اقدام ہے۔