اسلام آباد(ویب ڈیسک)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوری ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں، وقت آ گیا ہے کہ ایک دوسرے کو معاف کیا جائے، ہم معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اسلام آباد میں اپوزیشن کی جانب سے دو روزہ کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے کہا کہ نئی شروعات ہونی چاہئیں، سب کو مل بیٹھ کر اپنی اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب آج جیسے فیصلے سامنے آتے ہیں تو عوام میں مایوسی پھیلتی ہے، جس سے جمہوری عمل متاثر ہوتا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ توشہ خانہ ٹو کے فیصلے کی توقع نہیں تھی، ہم اقتدار کی نہیں بلکہ اصولوں کی جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔
سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے ٹکراؤ کی سیاست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مکالمے کے حامی رہے ہیں مگر بات آگے نہیں بڑھ پاتی۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کو پُرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
کانفرنس کے اختتام پر محمود خان اچکزئی نے ایک بار پھر زور دیا کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوری مکالمے کے لیے تیار ہیں اور باہمی مفاہمت کے ذریعے ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔