اسلام آباد(ویب ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ماہرین کی حالیہ رپورٹ نے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ ریاستی طرزعمل کو بے نقاب کر دیا ہے اور یہ رپورٹ پاکستان کے دیرینہ مؤقف کی واضح توثیق ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ رپورٹ میں دوسرے ملکوں میں بھارتی مداخلت اور قتل و غارت سے متعلق الزامات ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پانی کے بہاؤ کو متاثر کرنے والی بھارتی کارروائیاں پاکستان کے جائز حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور مکالمے کے بجائے دھمکی، طاقت اور تشدد بھارت کی عادت بن چکی ہے۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ بھارت اندرون ملک بھی اقلیتوں کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جو انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔