پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ کے بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے، بھارتی شرٹ پہننے اور بھارتی جھنڈا لہرانے کے معاملے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
فیڈریشن کے سیکرٹری رانا سرور کے مطابق چیئرمین چوہدری شافع حسین نے اس سنگین معاملے پر 27 دسمبر کو جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں نے شرکت کی، تاہم یہ پاکستان کی قومی ٹیم نہیں تھی اور نہ ہی اس ایونٹ کیلئے فیڈریشن سے اجازت لی گئی یا این او سی جاری کیا گیا تھا۔
رانا سرور نے کہا کہ یہ ایک خود ساختہ ٹیم تھی جس میں پاکستان کا نام استعمال کیا گیا۔ ایونٹ میں شرکت کیلئے نہ حکومت سے اجازت لی گئی اور نہ ہی پاکستان کبڈی فیڈریشن کو آگاہ کیا گیا۔
فیڈریشن سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کسی قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور بھارتی جھنڈا لہرانا ناقابلِ برداشت ہے۔ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داران کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کے مطابق خود ساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا اور کسی غیر قانونی ایونٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے نام کو بدنام کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگرچہ کلب سطح پر مختلف ممالک کے کھلاڑی ایک ساتھ کھیلتے ہیں، تاہم غیر ملکی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے جھنڈا لہرانا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔