پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن میں شامل کی جانے والی بقیہ دو نئی ٹیموں کیلئے بولی کا عمل 8 جنوری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں ہوگا۔ اس مقصد کیلئے ٹینڈر کے ذریعے نیلامی کرائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نئی فرنچائزز کی بولی کیلئے بنیادی قیمت 40 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے، جس میں بولی کے دوران اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔ بولی میں حصہ لینے والے امیدواروں کو سکیورٹی ڈپازٹ کے طور پر 2 لاکھ ڈالر بطور بڈنگ فیس جمع کرانا ہوں گے۔ ناکام بولی دہندگان سے 20 ہزار ڈالر فیس وصول کی جائے گی جبکہ باقی ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر واپس کر دیے جائیں گے۔

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی بڈ کمیٹی تمام تکنیکی امور کا جائزہ لینے کے بعد اہل بولی دہندگان کو نیلامی میں شرکت کی اجازت دے گی۔

پی سی بی کے ٹینڈر دستاویز کے مطابق جو سرمایہ کار 10 سال کیلئے فرنچائز خریدے گا وہ ابتدائی تین سال تک اسے فروخت نہیں کر سکے گا، تاہم 2029 کے بعد مالکانہ حقوق سے دستبردار ہونے کا اختیار حاصل ہوگا۔

دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمام آٹھ ٹیموں کو 2026 سے 2030 تک پانچ سال کیلئے سینٹرل پول سے سالانہ 30 لاکھ ڈالر ملیں گے، تاہم اس کے بعد کے پانچ سال کا ذکر دستاویز میں شامل نہیں۔

ذرائع کے مطابق علی ترین اور پی سی بی کے درمیان تنازع کے باعث ملتان سلطانز کے مالک نے فرنچائز چھوڑنے کا اعلان کیا ہے، جن کا معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہو رہا ہے۔ پی سی بی اس بات پر غور کر رہا ہے کہ آئندہ سیزن میں ملتان سلطانز کے معاملات خود چلائے جائیں، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کی ونڈو کا اعلان کر دیا گیا ہے، ایونٹ 26 مارچ سے 3 مئی تک مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا، انہی دنوں بھارتی لیگ آئی پی ایل کا بھی آغاز ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے