لاہور (ویب ڈیسک) دنیا کے مختلف ممالک سے بھیک مانگنے پر ہزاروں پاکستانیوں کی ڈی پورٹیشن کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی حقوق کے اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے نے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق رواں سال 51 ہزار پاکستانیوں کو مختلف ممالک سے آف لوڈ کیا گیا۔ سعودی عرب نے بھیک مانگنے پر 24 ہزار، متحدہ عرب امارات نے 6 ہزار جبکہ آذربائیجان سے ڈھائی ہزار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔ مجموعی طور پر گزشتہ برسوں میں 56 ہزار پاکستانی سعودی عرب سے بھیک مانگنے پر واپس بھیجے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ عمرے کے نام پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والوں کو ثبوت کے ساتھ آف لوڈ کیا گیا۔ اس سال 24 ہزار افراد کمبوڈیا گئے جن میں سے 12 ہزار تاحال واپس نہیں آئے، جبکہ برما سیاحتی ویزے پر جانے والے 4 ہزار میں سے ڈھائی ہزار واپس نہیں لوٹے۔

ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق غیرقانونی سفر کی روک تھام سے پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ 118 سے بہتر ہو کر 92 پر آ گئی ہے۔ گزشتہ سال غیرقانونی طور پر یورپ جانے والوں کی تعداد 8 ہزار تھی جو اس سال کم ہو کر 4 ہزار رہ گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دبئی اور جرمنی نے پاکستانی سرکاری پاسپورٹ پر ویزا فری سہولت دی ہے، جبکہ امیگریشن ایپلیکیشن جنوری کے وسط میں لانچ کی جائے گی، جس کے تحت مسافر روانگی سے 24 گھنٹے قبل امیگریشن مکمل کر سکیں گے۔ اجلاس میں جعلی فٹبال کلب کے ذریعے جاپان بھیجے جانے کے واقعے سمیت دیگر غیرقانونی طریقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے