باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں فائرنگ کے واقعے میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر جاں بحق ہو گیا۔
ڈی پی او کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن سول کالونی میں ادا کی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او سمیت دیگر سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ٹیم پر حملہ دراصل انسانیت اور قومی فریضے پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے پولیو مہم کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔