سیالکوٹ (مدثر رتو کی رپورٹ) ملک بھر میں جاری پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 کے رضاکار اور 20 ریسکیو سکاؤٹس فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں یہ ٹیم پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے ساتھ ساتھ عوامی شعور بیدار کرنے میں بھی مصروف ہے۔
ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ریسکیو اہلکار شہر کے مختلف اہم مقامات جیسے بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ، وزیر آباد روڈ سبلائم چوک اور ڈسکہ روڈ دبرجی چوک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہاں آنے جانے والے بچوں کو بھی ویکسین دی جا رہی ہے تاکہ ہر بچے تک پولیو سے تحفظ پہنچ سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے پولیو ویکسین کیمپس کا دورہ کیا، بچوں کو قطرے پلائے اور ریسکیورز و سکاؤٹس کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سب مل کر اور مربوط حکمت عملی کے تحت پاکستان کو پولیو فری بنانے کے مشن میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔