راولپنڈی کے علاقے چک بیلی روڈ پر مزدا ٹرک، کار اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے میں 50 سالہ مسماۃ عائشہ منیر موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔ زخمی ہونے والوں میں 58 سالہ محمد رفیق اور 38 سالہ زاہد عباسی شامل ہیں۔ حادثے کے باعث کار بری طرح پچک گئی، جس میں سوار افراد پھنس گئے تھے۔
ریسکیو ٹیم نے خصوصی آپریشن کے ذریعے کار میں پھنسے سوار کو نکالا، جبکہ موٹر سائیکل سوار بھی شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے دونوں زخمیوں اور جاں بحق خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔