ڈیرہ غازی خان(سیدریاض جاذب کی رپورٹ)ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی زیریں میں ویگن اسٹینڈ کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 10 سالہ کمسن بچی جاں بحق ہو گئی، جس کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق بچی تیز رفتار چنگ چی موٹر سائیکل رکشے میں سوار تھی کہ دورانِ سفر اس کا دوپٹہ ہوا میں اڑ کر رکشے کی چین میں پھنس گیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت یسری بی بی دختر غلام محمد، سکنہ طفیل آباد چوٹی زیریں کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے نے اہلِ خانہ سمیت پورے علاقے کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
اہلِ علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تیز رفتار رکشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور خواتین و بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔