راولپنڈی: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی اور ملاوٹی دودھ تیار کرنے والے سب سے بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مضرِ صحت دودھ اور خام مال تلف کر دیا ہے۔ کارروائی محمدی کالونی کے قریب فیض آباد میں قائم ایک ملک پروڈکشن یونٹ کے خلاف کی گئی۔
ترجمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی اور اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ کارروائی میں 27 ہزار لیٹر دودھ تلف کیا گیا، جو خشک پاوڈر اور ویجیٹیل آئل سے تیار کیا جا رہا تھا۔ اس دوران جعلی دودھ بنانے کے لیے استعمال ہونے والی 4 جدید مکسنگ مشینیں، 3200 کلو گھی اور 2500 کلو خشک پاوڈر بھی برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ ملاوٹی دودھ جڑواں شہروں میں بڑے پیمانے پر سپلائی کیا جا رہا تھا اور ملزمان کو طویل ریکی اور نگرانی کے بعد گرفتار کیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبے میں سخت کارروائیوں کے باعث ملاوٹ مافیا نے اسلام آباد کا رخ کرنا شروع کر دیا تھا، تاہم اب وہاں بھی سخت کارروائی کی گئی ہے۔
صوبے بھر میں ملاوٹی دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور مشن کلین اپ کے تحت ملاوٹ مافیا کا مکمل صفایا کیا جا رہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو یقین دلایا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔