حیدرآباد کے تھانہ ہٹڑی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف مبینہ طور پر غیر اخلاقی اور توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے واقعے پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی طلبہ تنظیم سپاف کے عہدیدار اظہر الدین تالپور کی درخواست پر ہٹڑی پولیس نے تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ایل یو ایچ میں انٹری ٹیسٹ کے موقع پر ویگو ڈالے میں سوار ایک نامعلوم شخص، جو دو گارڈز کے ہمراہ تھا، نے فریادی پر تشدد کیا اور بلاول بھٹو زرداری کے لیے غیر اخلاقی زبان استعمال کی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے فریادی کو تھپڑ مارے، مغلظات بکیں اور پیپلز پارٹی کے پرچم زبردستی چھین کر اپنی گاڑی میں ڈال لیے، جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔ ہٹڑی پولیس نے اظہر الدین تالپور کی شکایت پر ایف آئی آر نمبر 403/2025 درج کی، جو تعزیرات پاکستان کی دفعات 506/2، 504 اور 337-A(i) کے تحت اتوار کے روز درج ہوئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور نامعلوم ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔