حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو اس کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی قیادت جیل مینول کی پابندی کرے تو ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے رویے میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیل قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد کی ملاقات روکی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دورِ اسیری میں ان کے وکلا نے کبھی سیاسی گفتگو نہیں کی بلکہ صرف قانونی معاملات پر توجہ دی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت جب ملاقات کے لیے آتی ہے تو سیاسی بات چیت کرتی ہے، جو جیل مینول کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان کا ناشتہ ایک غریب کے چار دن کے کھانے کے برابر ہوتا ہے، جبکہ انہیں ٹریڈ مل بھی دستیاب ہے اور وہ روزانہ ڈیڑھ گھنٹہ سائیکلنگ کرتے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی احتجاجی کالز اب مؤثر نہیں رہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی اپنی حکومت ہونے کے باوجود وہ عوام کو سڑکوں پر لانے میں ناکام ہے اور پارٹی کا ووٹر مایوس ہو کر گھروں میں بیٹھ چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے