ڈیرہ غازیخان(حاجی محمدسعید کی رپورٹ) شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جہاں مختلف تھانوں کی حدود میں ڈاکو سرِ عام شہریوں سے موٹر سائیکلیں چھین کر فرار ہو گئے جبکہ پولیس کی کارروائیاں محض کاغذی ثابت ہو رہی ہیں اور عوام خود کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔

پہلا ڈکیتی کا واقعہ تھانہ صدر کے علاقہ کوٹانے والی ہٹھیوں کے قریب پیش آیا، جہاں محمد اقبال ولد غلام فرید، سکنہ ٹبی اسران سے نامعلوم مسلح ملزمان نے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل چھین لی اور موقع سے فرار ہو گئے۔

دوسرا واقعہ تھانہ دراہمہ کی حدود سبزی منڈی کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے عابد حسین بھنمبھانی، سکنہ دراہمہ سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھین لی۔ شہری کے مطابق ملزمان نہایت اطمینان سے واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

تیسرا واقعہ تھانہ گدائی کی حدود میں ٹریکٹر فیکٹری کے قریب پیش آیا، جہاں ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین لی گئی، تاہم متاثرہ شخص شناخت ظاہر نہ کرنے پر مجبور رہا۔

چوتھا واقعہ سٹی تھانہ کی حدود میں شہزادہ سلطان ٹاؤن، ڈمرا چونگی کے قریب پیش آیا، جہاں ڈاکوؤں نے ایک اور موٹر سائیکل چھین کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس محض فرضی کارروائیوں میں مصروف ہے اور گشت یا بروقت رسپانس نظر نہیں آتا، جس کے باعث ڈاکو بے خوف ہو کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ غازیخان سے فوری نوٹس لینے، مؤثر پولیس گشت بڑھانے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے