کراچی(ویب ڈیسک) ناظم آباد میں قادری ہاؤس پر چھاپہ، بھتہ خوری سمیت 17ملزمان گرفتار
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد میں قادری ہاؤس پر چھاپے کے دوران بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جن میں 3 بھتہ خور اور 3 شوٹرز شامل ہیں۔
ایس ایس پی ایس آئی یو عمران احمد خان کے مطابق کارروائی گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر وصی اللہ لاکھو اور عبدالصمد کاٹھیار واڑی گروپ کے خلاف کی گئی۔ گرفتار افراد میں سے 8 کا سابقہ کریمنل ریکارڈ موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان جمشید روڈ پر واقع ایک کار شوروم پر بھتہ وصولی کے لیے فائرنگ میں بھی ملوث رہے ہیں۔ پہلے سے گرفتار ملزم ریحان الدین کی نشاندہی، انٹیلی جنس معلومات اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ناظم آباد میں چھاپہ مارا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق ریحان الدین بھتہ خوری کے ایک مقدمے میں چار سال جیل میں رہا اور ایک الیکشن میں بھی حصہ لے چکا ہے۔ ثروت اعجاز قادری کے گھر پر چھاپے کے دوران ملزمان کو حراست میں لیا گیا، تاہم پولیس کے مطابق سنی تحریک کے رہنماؤں کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 17 ملزمان حراست میں ہیں جن سے تفتیش جاری ہے، جبکہ کسی بھی شخص کے دانستہ طور پر ملزمان کو پناہ دینے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔