لیہ (ویب ڈیسک) ضلع لیہ کے علاقے احسان پورہ میں انتہائی مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران سی سی ڈی کے 4 اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

سی سی ڈی مظفرگڑھ کی ٹیم نے اقرار حسین عرف اقراری بھلہ اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپہ مارا۔ اقرار حسین مظفرگڑھ کا ٹاپ ون انتہائی مطلوب اشتہاری ہے۔ آپریشن کے دوران اشتہاریوں سے سی سی ڈی کا مقابلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا۔

مقابلے کے دوران سی سی ڈی کے انسپکٹر محمد نواز اور 3 کانسٹیبل زخمی ہو گئے، جبکہ اشتہاری اقرار حسین اور اس کے ساتھی شدید فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے کوٹ ادو ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں انہیں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کیا گیا۔ ہسپتال میں خون کا عطیہ دینے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد بھی پہنچ گئی۔

سی سی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور ایسے افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے