لاہور (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بحران سے نکل آیا ہے اور ملکی معاشی اشاریے بہتر ہو گئے ہیں۔
نیشنل ریگولیٹری ریفارمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ریگولیٹری اصلاحات کا نفاذ عوام اور کاروباری طبقے کی گزشتہ کئی دہائیوں کی خواہش تھی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کار پیچیدہ قوانین اور غیر ضروری ضوابط کی وجہ سے پریشان تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے وقت پاکستان کی معیشت نازک صورتحال سے دوچار تھی اور ملک عملی طور پر مالی دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑا تھا۔ مہنگائی بے قابو تھی اور پالیسی ریٹ معیشت کو مفلوج کر چکا تھا، جبکہ کاروباری سرگرمیاں جمود کا شکار تھیں۔ ہماری حکومت نے بہترین حکمت عملی کے ساتھ ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان بحران سے نکل چکا ہے، معاشی اشاریے بہتر ہو چکے ہیں اور آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔