ڈیرہ غازیخان(سید ریاض جاذب) پنجاب حکومت کے صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے ماڈل، ‘ستھرا پنجاب’ کو عالمی سطح پر بھی سراہا جانے لگا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق تاریخ میں پہلی مرتبہ برطانوی شہر کے والنٹیئرز گروپ نے صفائی اور ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کے لیے پنجاب سے رہنمائی حاصل کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ برمنگھم شہر کو کوڑے کے اُبلتے ڈھیروں اور صفائی ملازمین کی بار بار ہڑتالوں جیسے سنگین مسائل درپیش تھے، جن کے حل کے لیے ‘ستھرا پنجاب’ ماڈل کو مؤثر اور قابلِ عمل قرار دیا گیا۔
پنجاب کا ویسٹ مینجمنٹ پلان اب دنیا بھر کے اداروں کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال بن چکا ہے، جو جدید، منظم اور پائیدار صفائی نظام کی نمائندگی کرتا ہے۔
مزید براں، کوپ 30 کانفرنس میں پاکستان پویلین پر بھی ‘ستھرا پنجاب’ پروجیکٹ کی تفصیلات عالمی نمائندوں کے سامنے پیش کی گئیں اور اسے سراہا گیا۔ عالمی مالیاتی و تحقیقی جریدے بلوم برگ نے بھی ‘ویسٹ ٹو ویلیو’ منصوبے کو مؤثر اور اہم ماڈل قرار دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ‘ستھرا پنجاب’ نہ صرف صفائی کے نظام کو بہتر بنا رہا ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کی جانب بھی ایک مؤثر قدم ثابت ہو رہا ہے۔