اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ تمام صوبوں اور اکائیوں کا حق ہے اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی فنڈز دیے جانے چاہئیں۔

مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر سے متعلق سیاسی کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت نواز شریف نے کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاسی حالات، آئندہ عام انتخابات اور پارٹی تنظیمی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کی اعلیٰ قیادت، گلگت بلتستان کے رہنما اور مرکزی رہنما جیسے سینیٹر رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، امیر مقام، پرویز رشید اور برجیس طاہر نے شرکت کی۔ شاہ غلام قادر نے نواز شریف کو آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت، کارکردگی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

نواز شریف نے اعلان کیا کہ اگلے ماہ وہ آزاد کشمیر کا دو روزہ دورہ کریں گے جس میں تنظیمی امور، انتخابی تیاری اور عوامی رابطہ مہم کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی بات کر کے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کروائی جائے گی۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت بہترین ترقیاتی منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ این ایف سی ایوارڈ تمام اکائیوں کا حق ہے اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ ترقی کی راہیں یکساں ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے